السلام علیکم!
سب سے پہلے تو عرض ہے کہ کوشش کیجئے کہ اپنا سوال اردو میں لکھیں۔ آپ کو موجودہ سوال کو اردو میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
اب آتے ہیں آپ کے سوال کی طرف:۔
بانگ درا کا مطلب اگر معانی کے اعتبار سے دیکھا جائے تو لفظی معانی گھنٹے (بڑی گھنٹی) کی آواز ہے۔ اگر تشریحی لحاظ سے دیکھا جائے تو اس کے معانی گھنٹے وغیرہ کی آواز جو قافلے کی روانگی سے پہلے مسافروں کوہوشیارکرنے کے لیے بجایا جاتا ہے، اس گھنٹے کی آواز جو قافلےکے ساتھ بجتا رہتا ہے تاکہ بھولے بھٹکے مسافروں کی رہنمائی ہوجائے۔
شاید اسی لیے اقبال نے اپنے اس مجموعے کا نام بھی بانگ درا رکھا۔ جس سے مراد مسلمانوں کو روحانی اور شعوری طور پر بیدار کرنے کے لیے کی گئی شاعری ہے۔ اور یہی ایسا مجموعہ ہے جو سب سے طویل عرصہ میں لکھا گیا ہے۔
بانگ درا کا پہلا حصہ آغاز سے لے کر 1905ء تک ہے۔ یہ آغاز کب ہوا، اس کے لئے کوئی حتمی تاریخ یا سال متعین نہیں کیا جا سکتا۔ مختلف مضامین میں اس ’’آغاز‘‘ کا تعین مختلف ہے۔ 1905ء میں وہ انگلستان چلے گئے اور 1908ء میں واپس آئے۔ دوسرا حصہ قیام یورپ کے دوران لکھے گئے اشعار پر مشتمل ہے۔ انگلستان سے وہ جرمنی گئے کہ ڈاکٹریٹ کے مقالے کے لئے جرمن زبان کی تحصیل لازمی تھی۔ یورپ میں اپنی چند در چند مصروفیات کے باوجود بھی انہوں نے اردو میں کچھ نہ کچھ کہنا جاری رکھا۔ یہی وجہ ہے کہ بانگ درا کا دوسرا حصہ حجم کے اعتبار سے پہلے اور تیسرے حصے سے یہ اعتبارِ ضحامت بہت کم ہے۔ بانگ درا کا تیسرا حصہ 1908ء سے شروع ہو کر 1935ء تک چلتا ہے۔ یہ وہ سال ہے جب اقبال کی دوسری اردو شعری تصنیف بال جبرائیل منظر عام پر آئی۔ اس لئے کہا جا سکتا ہے کہ بانگ درا اپنے موضوعات کے تنوع کے اعتبار سے ان کی باقی اردو شعری تصانیف سے زیادہ جامع اور بھرپور ہے۔